حیدرآباد(رپورٹ ذوالفقارعلي)آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے کہا ہے کہ یونین کے زونل نمائندگان ادارے میں ستون کی حیثیت رکھتے ہیں، جن کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملازمین کے مسائل کو اجاگر کرکے یونین کے پلیٹ فارم سے ان کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔ اگر نمائندگان اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کریں گے تو یونین ایسے افراد کو آگے لائے گی جو ملازمین کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیبر ہال حیدرآباد میں حیسکو کے مختلف ونگز جی ایس او، جی ایس سی، کنسٹرکشن، اسٹور، ایم اینڈ ٹی اور آپریشن سے تعلق رکھنے والے زونل چیئرمینوں اور سیکریٹریز کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عبداللطیف نظامانی نے زونل نمائندگان کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یونین میں کام کرنا ہے تو ملازمین کے مسائل کو اپنا مسئلہ سمجھ کر حل کرانا ہوگا، بصورت دیگر عہدے چھوڑ کر گھر چلے جائیں تاکہ نئے اور فعال لوگوں کو موقع دیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ادارے کی نجکاری اور توڑ پھوڑ کے لیے تیزی سے اقدامات کررہی ہے، ایسے حالات میں یونین کے اندر اختلافات ختم کرکے باہمی رابطوں اور اتحاد کو مضبوط بنانا ہوگا۔ ملازمین اور ادارے کے تحفظ کے لیے ریفرنڈم کی تیاری بھی ضروری ہے تاکہ یونین اور ادارے کو تقسیم ہونے سے بچایا جاسکے۔اس موقع پر یونین کے صوبائی جنرل سیکریٹری اقبال احمد خان نے اجلاس کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ سب ڈویژن سے زونل سطح تک یونین کے بعض نمائندگان وہ کردار ادا نہیں کررہے جس کی توقع ملازمین نے ان سے وابستہ کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور صوبائی قیادت حیسکو انتظامیہ سے مذاکرات کے ذریعے ملازمین کے لیے بونس، جی ایس او ملازمین کے لیے 7 ہزار روپے ماہوار رسک الاؤنس، ترقیاں، اپ گریڈیشن، معطلی اور تبادلوں کے خاتمے، میرج گرانٹ، ویلفیئر گرانٹ اور پی ایم پیکیج سمیت دیگر مراعات حاصل کرنے کے لیے مسلسل جدوجہد کررہی ہے، تاہم ان سہولیات کی فراہمی میں زونل نمائندگان کو بھی اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔اجلاس میں صوبائی جوائنٹ سیکریٹری اعظم خان، صوبائی میڈیا کوآرڈینیٹر محمد حنیف خان، الادین قائمخانی اور نور احمد نظامانی بھی موجود تھے۔اجلاس میں حیدرآباد کے علاوہ میرپورخاص، نوابشاہ، ٹنڈو آدم اور ٹنڈو محمد خان سے غلام نبی کھوسو، ساجد اللہ راجپوت، یونس نظامانی، شاہد قائمخانی، اصغر ملاح، احسن خان، امتیاز شاہ، راجہ آفریدی، صمد خان، محمد فیروز، قاسم سومرو، نور حسن بگھیو، ملک اشفاق اور حامد قائمخانی سمیت دیگر زونل نمائندگان نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
حیسکو یونین کے زونل نمائندگان ملازمین کے مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، ورنہ نئے لوگوں کو آگے لائیں گے، عبداللطیف نظامانی
What’s your Reaction?
+1
+1
+1
+1
+1