اسلام آباد (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ملک میں سو فیصد ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے قیام کے لیے واضح لائحہ عمل اور مقررہ مدت کے ساتھ اہداف پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں صارفین کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کئے جائیں،کیش لیس اکانومی کے فروغ کے لیے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی فراہمی اور عوام کی ٹیکنالوجی تک آسان رسائی یقینی بنائی جائے۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں کیش لیس معیشت کے فروغ کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کیش لیس معیشت کا فروغ حکومت کی اہم ترین ترجیحات میں سے ایک ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں،کیش لیس معیشت کے فروغ کے لیے وزارتِ خزانہ اور تمام متعلقہ ریاستی اداروں کی جاری کامیاب کاوشیں قابل ستائش ہیں۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ملک میں سو فیصد ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے قیام کے لیے واضح لائحہ عمل اور مقررہ مدت کے ساتھ اہداف پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں صارفین کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کئے جائیں،کیش لیس اکانومی کے فروغ کے لیے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی فراہمی اور عوام کی ٹیکنالوجی تک آسان رسائی یقینی بنائی جائے۔وزیراعظم نے راست کیو آر کوڈ کے ذریعے صارفین اور مرچنٹ کے درمیان ڈیجیٹل ادائیگی کو فروغ دینے کی اسکیم کو حکومتی سرپرستی میں جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ راست کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیوں کا نظام حکومت کے کیش لیس معیشت کے وژن کے حصول میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔
وزیراعظم نے بجلی اور گیس کے صارفین کو یوٹیلیٹی بلوں پر درج کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیاں کرنے کی ترغیب دینے کے لیے مؤثر میڈیا مہم چلانے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے تمام وزارتوں اور سرکاری اداروں کو کیش لیس اکانومی کے پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں کیش لیس معیشت کے فروغ کے حوالے سے جاری اقدامات پر بریفنگ دی گئی،جس میں بتایا گیا کہ تمام وفاقی اور صوبائی سرکاری اداروں میں ادائیگیوں کی ڈیجیٹائزیشن پر کام تیزی سے جاری ہے اور بیشتر اداروں میں دسمبر 2026 تک تمام ادائیگیاں مکمل ڈیجیٹائز ہو جائینگی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سو فیصد ادائیگیاں بذریعہ ڈیجیٹل والٹ کی جا رہی ہیں، انٹرنیٹ کی عدم موجودگی میں ڈیجیٹل ادائیگی کے لیے جدید نظام متعارف کرانے پر کام جاری ہے،پورے ملک میں انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے انفراسٹرکچر کے قیام کے حوالے سے کام تیزی سے جاری ہے۔