ڈی آئی جی سکھر کا سکھر چیمبر آف کامرس کا دورہ، سیف سٹی منصوبے کے نفاذ اور پولیس و تاجر برادری کے روابط مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار

سکھر(رپورٹ رزاق احمد )ڈی آئی جی سکھر رینج ناصر آفتاب نے سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر کہا کہ سکھر میں سیف سٹی منصوبے کے نفاذ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے کاروباری برادری سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ اس موقع پر FPCCI کے ڈپٹی صدر و سندھ ریجنل چیئرمین بلال وقار خان، سکھر چیمبر کے صدر محمد یعقوب ملک، سینئر نائب صدر عبدالمجید قریشی، نائب صدر شہزاد شیوانی، لاء اینڈ آرڈر کمیٹی کے کنوینر چوہدری زاہد اقبال، ڈی ایس پی سٹی سہیل سومرو، شکارپور چیمبر کے عمران ناپر، خیرپور چیمبر کے راجا، تاجر رہنماؤں حاجی محمد شفیع عباسی اور میر عبدالرحمٰن مینگل سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔ بلال وقار خان نے بتایا کہ دو سال قبل پولیس چیمبر کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کرکے پولیس اور کاروباری برادری کے درمیان ماہانہ اجلاسوں کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں شکایات میں نمایاں کمی آئی اور اجلاسوں کا انعقاد دو سے تین ماہ کے وقفے سے ہونے لگا۔ اس پر ڈی آئی جی ناصر آفتاب نے ایس ایس پی سکھر کے ساتھ ماہانہ اجلاس منعقد کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر لاء اینڈ آرڈر کمیٹی کے کنوینر چوہدری زاہد اقبال نے شہر میں امن و امان اور شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے درج ذیل تجاویز پیش کیں جن میں  سکھر سٹی میں پولیس نفری میں اضافہ کیا جائے، شہریوں اور تاجروں کی سہولت کے لیے سکھر چیمبر میں ڈرائیونگ لائسنس ڈیسک قائم کیا جائے ،  کراچی کے سی پی ایل سی کی طرز پر چیمبر میں موبائل فون ریکوری ڈیسک قائم کیا جائے، جہاں کنوینر اور پولیس نمائندے کی نگرانی میں برآمد ہونے والے موبائل فونز کی تصدیق اور اصل مالکان تک واپسی یقینی بنائی جائے ، ببرلو تھانہ پولیس کی جانب سے شہریوں اور مسافروں کو مبینہ طور پر بلاجواز روک کر بے جا تنگ کرنے اور رقم طلب کرنے کی شکایات موصول ہوتی ہیں،  موٹروے M-5 پر بھی اسی نوعیت کی شکایات ہیں ان کا نوٹس لے کر مؤثر اقدامات کیے جائیں، سکھر میں ایس ایس پی ٹریفک تعینات کیا جائے تاکہ ٹریفک کے مسائل بہتر انداز میں حل ہو سکیں ۔ جس پر ڈی آئی جی ناصر آفتاب نے تمام تجاویز اور شکایات کو غور سے سنا اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون اور اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے پولیس اور کاروباری برادری کے درمیان مسلسل رابطے اور باہمی تعاون کو شہر میں امن و امان کی بہتری کے لیے اہم قرار دیا۔
 

What’s your Reaction?
+1
0
+1
0
+1
0
+1
0
+1
0

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *