سکھر: روہڑی میونسپل کارپوریشن کے ملازمین تنخواہ اور ریٹائرمنٹ واجبات سے محروم، پریس کلب کے سامنے احتجاج

سکھر(رپورٹ محمد انيس)روہڑی کے علاقے کربلا میدان کے رہائشی میونسپل کارپوریشن روہڑی کے ملازمین مسمات زرینہ شیخ اور امام بخش شیخ نے ایک ماہ کی تنخواہ روکے جانے اور دو سال قبل ریٹائر ہونے کے باوجود ریٹائرمنٹ کے واجبات ادا نہ کیے جانے کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے متعلقہ افسران کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے اپنے جائز حقوق کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا۔تفصیلات کے مطابق احتجاج میں شریک مسمات زرینہ شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ معمولی بات پر ان کی ایک ماہ کی تنخواہ روک دی گئی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ صفائی کرنے سے منع کرنے پر متعلقہ افسران نے ان کی تنخواہ بند کردی، جس کے باعث انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معافی بھی مانگ لی، لیکن اس کے باوجود انہیں ایک ماہ کی تنخواہ سے محروم رکھا جا رہا ہے۔مسمات زرینہ شیخ نے کہا کہ تنخواہ ملازمین کا بنیادی حق ہے، جسے روکنے سے ان کے گھر کا نظام متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ان کی رکی ہوئی تنخواہ فوری طور پر جاری کی جائے تاکہ وہ اپنے اہل خانہ کی ضروریات پوری کر سکیں۔دوسری جانب امام بخش شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ دو سال قبل میونسپل کارپوریشن روہڑی سے ریٹائر ہو چکے ہیں، تاہم اس طویل عرصے کے باوجود متعلقہ افسران ان کا ریٹائرمنٹ کیس مکمل کرنے میں ناکام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے واجبات کے حصول کے لیے میونسپل کارپوریشن روہڑی کے دفتر کے مسلسل چکر لگا رہے ہیں، لیکن ہر بار انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔امام بخش شیخ کا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ کے واجبات نہ ملنے کے باعث ان کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ گھر میں کھانے پینے کے اخراجات پورے کرنے کے لیے پیسے نہیں ہیں، جبکہ بیماری کی صورت میں ادویات خریدنے کی استطاعت بھی نہیں رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشی بدحالی کے باعث ان کے بچے بھی بعض اوقات بھوکے سونے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک سرکاری ملازم اپنی پوری زندگی محنت اور خدمت میں گزارنے کے بعد ریٹائر ہوتا ہے، لیکن اگر اسے اپنے جائز ریٹائرمنٹ واجبات کے حصول کے لیے برسوں دفاتر کے چکر لگانے پڑیں تو یہ انتہائی افسوسناک صورتحال ہے۔احتجاجی مظاہرین نے میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ، میونسپل کارپوریشن روہڑی کے متعلقہ افسران، اعلیٰ حکام، چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ ان کے مسائل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے زرینہ شیخ کی ایک ماہ کی رکی ہوئی تنخواہ جاری کی جائے اور امام بخش شیخ کا دو سال سے زیر التوا ریٹائرمنٹ کیس مکمل کرکے ان کے واجبات ادا کیے جائیں۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ملازمین کو ان کے جائز حقوق سے محروم رکھنا ان کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری اقدامات کرکے ان کی معاشی مشکلات کا ازالہ کیا جائے تاکہ ان کے اندر پائی جانے والی بے چینی اور اضطراب ختم ہو سکے۔
 

What’s your Reaction?
+1
0
+1
0
+1
0
+1
0
+1
0

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *