کندھرا (رپورٹ ماجد محمود) سوئی سدرن گیس کمپنی روہڑی کے انچارج ایس ڈی او فیض محمد شورو اور بلنگ آفیسر عبدالسميع شیخ نے ٹاؤن کمیٹی کندھرا کے چیئرمین ایڈووکیٹ ارشاد علی لاشاری سے ملاقات کی، جس کے دوران شہر میں بڑھتی ہوئی گیس چوری اور غیر قانونی کنکشنز کے حوالے سے شکایات پیش کی گئیں۔
اس موقع پر گیس حکام کو دیئے گئے تحریری شکایتی خط میں الزام عائد کیا گیا کہ ٹاؤن کمیٹی کا ملازم عاشق جاگیرانی مبینہ طور پر خود بھی گیس چوری میں ملوث ہے اور پانی کی کھدائی کے کام کی آڑ میں مبینہ طور پر غیر قانونی گیس کنکشن بھی لگوا رہا ہے، جس کے باعث شہر میں گیس چوری کی شکایات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
شکایات کے معاملے پر موجود ٹاؤن آفیسر نے مبینہ طور پر عاشق جاگیرانی کی حمایت کرتے ہوئے گیس کمپنی کے افسران سے سخت لہجے میں گفتگو شروع کر دی، جبکہ اجلاس کی ریکارڈنگ کرنے پر نیشنل پریس کلب کندھرا کے صدر اور صحافی عبدالرحمٰن انصاری پر بھی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اجازت کے بغیر ریکارڈنگ کیوں کی جا رہی ہے؟
اس پر صحافی عبدالرحمٰن انصاری نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ ایک صحافی ہیں اور عوامی مفاد سے وابستہ معاملات کی ریکارڈنگ کرنا ان کا صحافتی حق ہے۔ صحافی کے اس مؤقف پر ٹاؤن آفیسر نے مبینہ طور پر مزید برہمی کا اظہار کیا، جس کے بعد صحافی عبدالرحمٰن انصاری ٹاؤن آفیسر کے رویے کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔
دوسری جانب ٹاؤن کمیٹی کندھرا کے چیئرمین ایڈووکیٹ ارشاد علی لاشاری نے کہا کہ واٹر سپلائی اسکیم پر نثار احمد جاگیرانی کو انچارج مقرر کیا گیا ہے، لہٰذا کسی بھی کام کی صورت میں ان سے رابطہ کیا جائے، وہی متعلقہ کام کروائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر عاشق جاگیرانی گیس چوری یا غیر قانونی کنکشن لگوانے میں ملوث پایا جاتا ہے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکتی ہے۔
صحافی عبدالرحمٰن انصاری نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ٹاؤن آفیسر کے رویے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، جبکہ گیس چوری کے حوالے سے پیش کی گئی شکایات کی بھی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔