مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ کی ڈرون سے تصاویر بنانے پر جے یو آئی سٹی سکھر سراپا احتجاج، مرکزی قیادت کی کال پر سڑکیں بلاک کرنے سمیت ہر احتجاجی فیصلے پر عملدرآمد کا اعلان

*سکھر (دانش راجپوت): جمعیت علماء اسلام تعلقہ سٹی سکھر کے جنرل سیکریٹری قاری لیاقت علی مغل،مولانا عابد سندھی، مفتی قمرالدین ملانو، مولانا رفیق احمد بندھانی،مفتی اعظم مہر،مولانا شمس الدین ملانو، مولانا محمد عابد انڈھڑ،محمد اقبال مہر سمیت دیگر رہنما جامعہ حمادیہ منزل گاہ سکھر میں مشترکہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں، جہاں انہوں نے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ کی ڈرون کے ذریعے تصاویر بنانے کے مبینہ عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے چادر اور چار دیواری کے تقدس کی پامالی قرار دیارہنماؤں کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے اعلان کے بعد حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہےسیاسی اختلافات کو جمہوری انداز میں حل کیا جانا چاہیےانہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، پارلیمنٹ کی خودمختاری اور امن و سلامتی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے اور مظلوم عوام کا خون بہایا جا رہا ہے۔ رہنماؤں نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غریب عوام دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں، بجلی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی مشکلات بڑھا دی ہیں، جبکہ پارلیمنٹ بھی عوامی مسائل حل کرنے میں مؤثر کردار ادا کرتی نظر نہیں آ رہی۔ انہوں نے دوٹوک اعلان کیا کہ جمعیت علماء اسلام کی مرکزی قیادت کی جانب سے جو بھی احتجاجی کال یا لائحہ عمل دیا جائے گا، سکھر کی پوری جماعت اس پر عمل کرے گی، اگر احتجاج کا اعلان ہوا تو بھرپور احتجاج کیا جائے گا اور اگر سڑکیں بلاک کرنے کی ہدایت دی گئی تو اس فیصلے پر بھی مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔ رہنماؤں نے متعلقہ حکام سے ڈرون کے ذریعے تصاویر بنانے کے واقعے کی وضاحت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اپنے قائد کے ساتھ کھڑی ہے اور آئین و قانون کی بالادستی، جمہوریت کے تحفظ اور چادر و چار دیواری کے تقدس کے لیے ہر جمہوری و قانونی راستہ اختیار کرے گی۔

What’s your Reaction?
+1
0
+1
0
+1
0
+1
0
+1
0

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *