سکھر: نیو گوٹھ کی رہائشی خاتون کا چار بچوں سمیت احتجاج، آٹھ روز سے لاپتا شوہر کی بازیابی کا مطالبہبااثر افراد کی جانب سے مبینہ دھمکیاں دی جا رہی ہیں، گھر سے بھی بے دخل کر دیا گیا، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی سکھر سے انصاف و تحفظ فراہم کرنے کی اپیل

سکھر(بیورورپورٹ)سکھر کے علاقے نیو گوٹھ کی رہائشی خاتون فاطمہ بندھانی نے اپنے چار معصوم بچوں کے ہمراہ لاپتا شوہر کی بازیابی اور بااثر افراد کی جانب سے مبینہ دھمکیاں دینے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ پولیس حکام سے انصاف اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔احتجاج کرنے والی خاتون فاطمہ بندھانی نے دکھی دل کے ساتھ بتایا کہ اس کا شوہر محمد ذاکر بندھانی گزشتہ آٹھ روز سے لاپتا ہے، جس کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ اس کا شوہر ایل پی جی کی دکان پر کام کرتا تھا اور 25 اکتوبر کو دکان کے مالک کے کہنے پر سیٹھوں کے ساتھ کسی کام کے سلسلے میں جانے کا بتا کر گھر سے نکلا تھا، جس کے بعد سے وہ واپس نہیں آیا۔خاتون کے مطابق 22 اکتوبر کو اس کے شوہر نے فون کرکے بتایا تھا کہ کچھ لوگ اسے مار رہے ہیں۔ بعد ازاں وہ رات کو گھر واپس آیا تو اس نے بتایا کہ کوئی خاص بات نہیں، بس کچھ لوگ اسے تنگ کر رہے ہیں۔ اس واقعے کے چند روز بعد 25 اکتوبر کو اس نے فون پر اطلاع دی کہ وہ دکان کے مالک کے ساتھ کسی کام کے سلسلے میں جا رہا ہے، تاہم اس کے بعد سے اس کا کوئی رابطہ نہیں ہو سکا۔فاطمہ بندھانی نے بتایا کہ شوہر کے لاپتا ہونے کے بعد اس نے دکان کے مالک سیٹھ محسن بندھانی اور وسیم بندھانی سے رابطہ کرکے اپنے شوہر کے متعلق معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی، لیکن وہ کچھ بتانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ خاتون کا الزام ہے کہ اب سیٹھ کی جانب سے انہیں پولیس کے ذریعے گرفتار کرانے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور خاموش رہنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔احتجاج کرنے والی خاتون نے مزید بتایا کہ وہ پہلے کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھی، تاہم شوہر کے لاپتا ہونے اور پیدا ہونے والی پریشانیوں کے دوران مالک مکان نے بھی گھر خالی کروا لیا، جس کے باعث وہ اپنے چار معصوم بچوں، بیٹے عبدالرحمن اور بیٹیوں فریحہ، بسمہ اور یسرا کے ہمراہ اپنے والدین کے گھر رہنے پر مجبور ہے۔فاطمہ بندھانی نے کہا کہ شوہر کی گمشدگی کے باعث وہ شدید پریشانی اور مشکلات کا شکار ہے، جبکہ بچوں کی کفالت اور رہائش کے مسائل نے اس کی زندگی مزید دشوار بنا دی ہے۔ اس نے حکام سے اپیل کی کہ اس کے شوہر کی گمشدگی کا فوری نوٹس لے کر اسے تلاش کیا جائے اور مبینہ طور پر دھمکیاں دینے والے افراد کے خلاف بھی تحقیقات کی جائیں۔خاتون نے ڈی آئی جی سکھر، ایس ایس پی سکھر اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس کے لاپتا شوہر محمد ذاکر بندھانی کی بازیابی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور اسے اپنے بچوں سمیت انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے۔

What’s your Reaction?
+1
0
+1
0
+1
0
+1
0
+1
0

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *