سکھر میں تین روزہ سندھ اسپیشل گیمز 2026 کا شاندار افتتاح، 800 سے زائد خصوصی کھلاڑی مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں

سکھر(رپورٹ محمد انيس)سندھ حکومت اور محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کے زیرِ اہتمام تین روزہ سندھ اسپیشل گیمز 2026 کا سکھر اسپورٹس کلب میں باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ صوبائی وزیر کھیل و امورِ نوجوانان سردار محمد بخش خان مہر نے بطور مہمانِ خصوصی سندھ اسپیشل گیمز 2026 کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خصوصی کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ پیش کیا، جبکہ صوبائی وزیر نے 100 میٹر ریس کے مقابلے بھی دیکھے اور خصوصی بچوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔افتتاحی تقریب میں سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر، سیکریٹری اسپیشل ایجوکیشن طحہ احمد فاروقی، ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر اسد اسحاق، کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی، ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان، سیکشن آفیسر جنرل اسپورٹس علی ڈنو گوپانگ، ڈائریکٹر اسپیشل ایجوکیشن سکھر عبد القدوس میمن، ڈائریکٹر اسپورٹس سکھر میر محمد کلہوڑو، فوکل پرسن ایونٹ پروفیسر سید رئیس حیدر، ڈائریکٹر انفارمیشن سکھر غلام عباس گوراہو، ڈائریکٹر اسپیشل ایجوکیشن خیرپور حفیظ اللہ شیخ سمیت مختلف متعلقہ محکموں کے افسران اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔سندھ اسپیشل گیمز 2026 چھ نومبر تک سکھر اسپورٹس کلب میں جاری رہیں گے، جن میں سندھ بھر سے 800 سے زائد خصوصی کھلاڑی 10 سے زائد مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر کے مطابق ان مقابلوں میں 550 کھلاڑی بااختیار افراد کی کیٹیگری جبکہ 250 کھلاڑی اوپن کیٹیگری میں حصہ لے رہے ہیں۔ گیمز کا مقصد خصوصی افراد کو کھیلوں کے ذریعے اپنی صلاحیتیں منوانے، خود اعتمادی پیدا کرنے اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔افتتاحی تقریب کے موقع پر صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر نے خصوصی بچوں کے مارچ پاسٹ کا معائنہ کیا اور ان کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے 100 میٹر ریس کے مقابلے بھی دیکھے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مناسب مواقع اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔صوبائی وزیر نے اسپورٹس گراؤنڈ میں قائم 22 سے زائد خصوصی اسٹالز کا دورہ بھی کیا، جہاں خصوصی افراد کی صلاحیتوں، ہنر اور تخلیقی سرگرمیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ انہوں نے اسٹالز پر پیش کی جانے والی سرگرمیوں میں دلچسپی کا اظہار کیا اور خصوصی افراد کی کاوشوں کو سراہا۔سردار محمد بخش خان مہر نے کہا کہ سندھ حکومت خصوصی افراد کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کر رہی ہے۔ سندھ اسپیشل گیمز کا انعقاد اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، جس کا مقصد خصوصی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانا، ان کی حوصلہ افزائی کرنا اور انہیں قومی سطح پر اپنی پہچان بنانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت بلکہ ذہنی مضبوطی، خود اعتمادی اور مثبت سوچ کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ خصوصی کھلاڑیوں کی شرکت اور ان کا جذبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عزم اور حوصلے کے ساتھ ہر منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔سکھر میں سندھ اسپیشل گیمز 2026 کے آغاز کو خصوصی افراد کی فلاح و بہبود، کھیلوں کے فروغ اور ان کی صلاحیتوں کو تسلیم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ تین روزہ ایونٹ کے دوران مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے اور اپنی کارکردگی کے ذریعے دوسروں کے لیے مثال قائم کرنے کا موقع ملے گا۔
 

What’s your Reaction?
+1
0
+1
0
+1
0
+1
0
+1
0

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *