چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر حاجی نواز علی بروہی نے گرم چشمہ منگھوپیر میں قائم کیمپس بوائز اینڈ گرلز سیکنڈری اسکول کا دورہ

کراچی (رپورٹ ذوالفقار علي) چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر حاجی نواز علی بروہی نے گرم چشمہ منگھوپیر میں قائم کیمپس بوائز اینڈ گرلز سیکنڈری اسکول کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسکول میں جاری تعلیمی سرگرمیوں، تدریسی ماحول اور طلبہ و طالبات کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف جماعتوں کے طلبہ و طالبات سے ملاقات کی، ان سے تعلیمی امور پر گفتگو کی اور ان کے تعلیمی شوق، جذبے اور مستقبل کے عزائم کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر بچوں نے چیئرمین ٹاؤن کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر چیئرمین ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔ کسی بھی معاشرے کی ترقی کا حقیقی پیمانہ وہاں کے بچوں کو میسر تعلیمی مواقع اور معیاری تعلیم کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن میں بے شمار بچے تعلیم حاصل کرنے کا جذبہ اور صلاحیت رکھتے ہیں، جنہیں بہتر تعلیمی ماحول اور مناسب سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرم چشمہ کے اس تعلیمی ادارے میں دو شفٹوں کے تحت تدریسی سرگرمیوں کا جاری رہنا اس بات کا عکاس ہے کہ علاقے میں تعلیمی ضروریات اور طلبہ کی تعداد کے پیش نظر مزید اسکولوں کے قیام کی ضرورت بڑھ رہی ہے۔ منگھوپیر کی وسیع آبادی اور مختلف علاقوں میں بچوں کی بڑی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں میں اضافے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں، تاکہ ہر بچے کو تعلیم حاصل کرنے کے یکساں مواقع میسر آ سکیں۔
حاجی نواز علی بروہی نے وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر تعلیم سندھ سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن کی تعلیمی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر مدنظر رکھا جائے اور علاقے میں مزید سرکاری اسکولوں کے قیام کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ منگھوپیر کے بچوں میں حصولِ تعلیم کا بھرپور جذبہ موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کے اس جذبے کو مناسب تعلیمی سہولیات اور سازگار ماحول کے ذریعے تقویت دی جائے۔ نئے اسکولوں کی تعمیر سے نہ صرف بچوں کو گھر کے قریب تعلیم حاصل کرنے کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ علاقے میں شرحِ خواندگی کے فروغ اور تعلیمی معیار کی بہتری میں بھی مدد ملے گی۔چیئرمین  نے مزید کہا کہ ہماری آنے والی نسل ہی ملک و قوم کا مستقبل ہے اور اس مستقبل کو روشن بنانے کے لیے تعلیم پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ ایک باشعور، تعلیم یافتہ اور مہذب معاشرہ ہی ترقی کی مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، کیونکہ آج کے طلبہ ہی کل کے معمار، ذمہ دار شہری اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والی قیادت بنیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منگھوپیر ٹاؤن میں عوامی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات کی بہتری اور بالخصوص تعلیم کے فروغ سے متعلق مسائل کو متعلقہ حکام کے سامنے مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، تاکہ علاقے کے عوام اور بالخصوص نئی نسل کو بہتر مستقبل کی جانب گامزن کرنے کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔

What’s your Reaction?
+1
0
+1
0
+1
0
+1
0
+1
0

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *