تعلیمی معیار کی بہتری، اسکولوں میں سہولیات کی فراہمی اور فنڈز کے درست استعمال کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی

سکھر(رپورٹ عادل خان)تعلیمی معیار کی بہتری، اسکولوں میں سہولیات کی فراہمی اور فنڈز کے درست استعمال کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ خبر کے مطابق کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے کہا ہے کہ ڈویژن میں تعلیمی معیار بہتر بنانے، اسکولوں میں مطلوبہ سہولیات کی فراہمی، فنڈز کے شفاف اور درست استعمال سمیت دیگر اہم امور پر عملدرآمد کے لیے محکمہ تعلیم اور محکمہ ریونیو مشترکہ طور پر واضح اور مؤثر حکمت عملی کے تحت کام کریں گے۔ اس سلسلے میں جلد ڈویژن سطح کا اہم اجلاس طلب کرکے موجودہ نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں ریجنل اوور سائٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں تعلقہ پنو عاقل کے گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول نیو لوء جتوئی اور گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول دفر جتوئی کے ناموں کی تبدیلی سے متعلق موصولہ درخواست پر تفصیلی غور کیا گیا، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ناموں کی تبدیلی کے حوالے سے جلد باضابطہ لیٹر جاری کیا جائے گا۔کمشنر عابد سلیم قریشی نے مزید کہا کہ ڈویژن میں تعلیمی ماحول کی بہتری، اسکولوں میں فرنیچر کی فراہمی، طلبہ کے داخلوں میں اضافے، فنڈز کے درست استعمال اور ہیڈ ماسٹرز کو ہر سطح پر معاونت فراہم کرنے سمیت دیگر اہم امور پر محکمہ تعلیم کے ساتھ مل کر محکمہ ریونیو مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کرے گا۔ اس مقصد کے لیے جلد اجلاس طلب کرکے تمام معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور بہتری کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر محمد عامر انصاری، ڈائریکٹر ایلیمنٹری، سیکنڈری و ہائیر سیکنڈری حافظ شہاب الدین ایندھڑ، ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن پرائمری علی اکبر کلھوڑو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ماجد علی ماکو، چیف مانیٹرنگ آفیسر ثاقب صدیقی سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
 

What’s your Reaction?
+1
0
+1
0
+1
0
+1
0
+1
0

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *