وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان گلیشیئرز کے پگھلاؤ، سطحِ سمندر میں اضافے اور شدید موسمی واقعات سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔
آئس لینڈ میں آرکٹک سرکل اسمبلی سے خطاب میں مصدق ملک کا کہنا تھا کہ عالمی تعاون اور سائنسی تحقیق ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا آرکٹک اور ہمالیائی خطوں کے درمیان تعاون سے گلیشیئرز کے پگھلاؤ کے اثرات سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔
مصدق ملک نے مزید کہا کہ موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے سائنسدانوں اور پالیسی سازوں کے درمیان رابطے مضبوط بنانا ضروری ہے۔